شہر قائد میں آج مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا جبکہ مختلف علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں سمندری ہوائیں 18 سے 20 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، جبکہ فضا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ان ہواؤں کے باعث موسم میں خنکی کا ہلکا احساس برقرار رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے مزید بتایا ہے کہ کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 28.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ آج کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کا موسم معتدل اور قدرے مرطوب رہے گا، تاہم کچھ علاقوں میں بادل چھائے رہنے اور ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہو سکتا ہے۔






