ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد شمریز نے جامعۃ الرشید احسن آباد کراچی کا دورہ کیا، جہاں دارالعلوم کے سربراہ مفتی عبدالرحیم اور جامعہ کی انتظامیہ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر ڈی جی رینجرز سندھ کو جامعہ کے مختلف شعبہ جات کا دورہ بھی کرایا گیا۔طلباء سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد شمریز نے کہا کہ پاکستان ایک اسلامی نظریاتی مملکت ہے جس کے قیام کے لیے ہمارے آبا و اجداد نے عظیم قربانیاں دیں۔ قومی سلامتی کا تقاضہ ہے کہ ادارے اور افراد اجتماعی سوچ کے ساتھ ملک کو مضبوط بنائیں۔انہوں نے کہا کہ جامعۃ الرشید دینی و دنیاوی تعلیم کو یکجا کر کے اہم قومی خدمات سرانجام دے رہا ہے، ایسے ادارے قومی ضرورت بھی ہیں اور دوسروں کے لیے مشعل راہ بھی۔ڈی جی رینجرز سندھ کا کہنا تھا کہ معرکۂ حق میں کامیابی پوری قوم کی فتح ہے، جبکہ سندھ رینجرز سرحدوں کے دفاع اور ملک میں امن قائم رکھنے کے لیے ہر وقت کوشاں ہے۔اس موقع پر مفتی عبدالرحیم، جامعہ کی انتظامیہ اور طلباء نے افواجِ پاکستان کو معرکۂ حق میں کامیابی پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کراچی میں امن و امان کے قیام کے لیے سندھ رینجرز کے کردار کو بھی سراہا۔






