شہر قائد کے علاقے جوہر آباد، فیڈرل بی ایریا بلاک 7 کے ایک فلیٹ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں کریم پلازہ فیز تھری کے ایک فلیٹ سے دو بچوں کی ماں سائرہ سحر کی گلے میں پھندا لگی لاش ملی۔ ایس ایچ او جوہر آباد راشد الرحمٰن کے مطابق واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور کرائم سین یونٹ کو طلب کر کے شواہد اکٹھے کیے۔ بعدازاں متوفیہ کی لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق، واقعہ خودکشی معلوم ہوتا ہے۔ سائرہ سحر کی عمر 37 سال تھی اور وہ ایک 11 سالہ بیٹے اور 9 سالہ بیٹی کی ماں تھی۔ اس کا شوہر ایک نجی ٹیکسٹائل کمپنی میں ملازمت کرتا ہے، جسے واقعے کی اطلاع دی گئی۔ ورثا کا کہنا ہے کہ سائرہ نفسیاتی مسائل کا شکار تھی، اور خاندان کو مالی مشکلات کا بھی سامنا تھا۔ واقعے کے وقت وہ گھر میں اکیلی تھی، جبکہ بچے باہر گئے ہوئے تھے۔ واپس آنے پر بچوں نے جب دروازہ بند پایا اور والدہ کی جانب سے کوئی جواب نہ ملا، تو انہوں نے پڑوسیوں کی مدد سے پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے تاکہ حقائق مکمل طور پر سامنے آ سکیں






