گلستان جوہر میں فائرنگ کے واقعہ میں 2 افراد جاں بحق، 3 زخمی

کراچی کے علاقے گلستان جوہر پہلوان گوٹھ کے قریب فائرنگ کے واقعے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ایک ہوٹل کے قریب پیش آیا جہاں کار اور دو موٹر سائیکلوں پر سوار نامعلوم ملزمان نے سڑک کنارے بیٹھے افراد پر فائرنگ کی۔ جائے وقوعہ سے ایک میگزین اور گولیوں کے 10 سے زائد خول برآمد ہوئے ہیں۔ فائرنگ کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہوئے جن میں سے دو افراد، سید مظہر اور علی وارث، اسپتال منتقلی سے قبل ہی دم توڑ گئے، جبکہ دیگر زخمیوں کو نیشنل اسٹیڈیم کے قریب واقع نجی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔ مشتعل افراد نے احتجاج کرتے ہوئے سڑک بلاک کر دی اور اطراف کی دکانیں بند کروادیں۔ تاہم پولیس نے مظاہرین سے مذاکرات کے بعد صورتحال کو قابو میں کرلیا۔ وزیر داخلہ سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ایسٹ سے تفصیلات طلب کر لیں اور ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایت کی۔ مجلس وحدت المسلمین کے ترجمان نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ مقتولین میں ایک معروف عالم دین مولانا رجب علی بنگش کے صاحبزادے بھی شامل ہیں۔ ترجمان نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔