کراچی میں 18 سے 22 اگست کو گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے

محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی اور جنوبی علاقوں میں آئندہ دنوں کے دوران شدید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق 14 سے 17 اگست تک ملک کے بالائی علاقوں میں موسلادھار بارشوں کا امکان ہے، جبکہ 18 سے 22 اگست کے دوران کراچی سمیت سندھ، بلوچستان، جنوبی پنجاب اور خیبرپختونخوا میں گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔ شدید بارشوں کے باعث کشمیر، گلگت بلتستان، گلیات اور مری میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، جبکہ اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، پشاور اور نوشہرہ میں اربن فلڈنگ کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو سکتا ہے اور سڑکوں پر پھسلن کے ساتھ ساتھ تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی سے کمزور ڈھانچوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ شہریوں، مسافروں اور سیاحوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔