کراچی شاہ فیصل کالونی میں کرنٹ لگنے سے دو بھائی جاں بحق، علاقہ سوگوار

کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں بارش کے پانی میں کرنٹ لگنے کے باعث دو سگے بھائی جاں بحق ہوگئے، واقعے کے بعد علاقے کی فضا سوگوار ہے اور اہلخانہ شدید غم میں نڈھال ہیں۔اے آر وائی نیوز کے مطابق دونوں بھائی سراج اور مراد بارش کے پانی میں موجود زیر زمین بجلی کے تار سے کرنٹ لگنے کے باعث جان کی بازی ہار گئے۔ والدہ نے بتایا کہ حادثے کے وقت ان کے بچے کافی دیر تک تڑپتے رہے لیکن کوئی مدد کو نہ پہنچا۔مرحومین کی بہن نے بتایا کہ ایک بھائی کو آرٹ کا شوق تھا جبکہ دوسرا انجینئرنگ کے شعبے میں اپنا مستقبل بنانا چاہتا تھا۔ اہل محلہ کے مطابق بجلی کی تاروں سے کرنٹ آنے کی شکایات بارہا کی گئیں، لیکن متعلقہ اداروں نے کوئی ایکشن نہیں لیا۔ رہائشیوں نے کہا کہ شہر میں عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔