افواہیں پھیلانے والے برساتی مینڈک عوام کو گمراہ کر رہے ہیں،وزیراعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی میں بارش کے بعد کئی ’’برساتی مینڈک‘‘ نکل آئے ہیں جو افواہیں پھیلا کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے یومِ وفات کے موقع پر مزارِ قائد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان قائداعظم کی انتھک جدوجہد کا نتیجہ ہے اور اب وقت آ گیا ہے کہ ان کے اصول ایمان، اتحاد اور قربانی کو اپنا کر ملک کو ایک حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنایا جائے۔انہوں نے سابق وزرائے اعظم ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے ملک کے دفاع اور ایٹمی پروگرام کے لیے لازوال کردار ادا کیا۔ بھارت کی حالیہ جارحیت پر بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور عوام نے اتحاد کے ساتھ مؤثر جواب دیا اور یہی اتحاد ہماری اصل طاقت ہے۔مراد علی شاہ نے کشمیری عوام پر بھارتی مظالم اور فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم شہریوں پر بمباری کرنے والا اسرائیل مسلم دنیا کی یکجہتی کے باعث ضرور ناکام ہوگا۔سیلابی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سندھ سمیت کئی علاقے متاثر ہیں، حکومت کی اولین ترجیح انسانی جانوں کا تحفظ اور بیراجوں و بندوں کو بچانا ہے۔ انہوں نے کچے کے رہائشیوں سے اپیل کی کہ حکومتی ہدایات پر عمل کریں تاکہ جانی نقصان سے بچا جا سکے۔وزیراعلیٰ نے بتایا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر فوری ریلیف سرگرمیاں شروع کر دی گئی ہیں، زرعی اور ماحولیاتی ایمرجنسی نافذ کی جا رہی ہے جبکہ عالمی امداد کے حصول کے لیے فلیش اپیل بھی کی جائے گی۔کراچی میں اربن فلڈنگ کے حوالے سے تنقید پر انہوں نے کہا کہ ’’بارش کے بعد برساتی مینڈک سامنے آ گئے ہیں‘‘ جو بے بنیاد افواہیں پھیلا رہے ہیں۔ ایسے عناصر کو لسانی اور سیاسی تقسیم پھیلانے سے باز رہنا چاہیے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ انتظامیہ اور عوامی نمائندے بارش اور سیلاب کے دوران عوام کے ساتھ موجود رہے، البتہ کچھ کوتاہیاں ضرور سامنے آئیں جن پر قابو پانے کی کوشش جاری ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی پانی سے متعلق ہر غیر متنازع منصوبے کی حمایت کرے گی تاکہ عوامی مسائل کا حل یقینی بنایا جا سکے۔