کراچی میں آن لائن منشیات فروخت کرنے والا نیٹ ورک بے نقاب، دو ملزمان گرفتار

کراچی میں پولیس نے آن لائن منشیات فروخت کرنے والا نیٹ ورک بے نقاب کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ایس آئی یو اور سی آئی اے پولیس نے خفیہ اطلاع پر پریڈی اور شاہ لطیف ٹاؤن میں کارروائی کرتے ہوئے عبدالغنی اور ذیشان نامی ملزمان کو حراست میں لیا۔ایس ایس پی ایس آئی یو امجد احمد شیخ کے مطابق ملزمان کے قبضے سے ایک کلو سے زائد منشیات برآمد ہوئی، جس میں آئس، کرسٹل اور ہیروئن شامل ہیں۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان حب اور وندر سے منشیات خرید کر کراچی میں آن لائن آرڈرز کے ذریعے فروخت کرتے تھے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ منشیات کی ڈلیوری کے لیے ایڈوانس پیمنٹ اور لوکیشن طے کی جاتی تھی، جس کے بعد مختلف علاقوں میں سپلائی کی جاتی تھی۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔