کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے بادل برسنے سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ شہر کے کئی مقامات پر ہلکی اور درمیانی بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد محکمہ موسمیات نے اعدادوشمار بھی جاری کر دیے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش سعدی ٹاؤن میں ریکارڈ کی گئی جہاں 36 ملی میٹر بارش ہوئی۔ اسی طرح گلشنِ معمار میں 33 ملی میٹر، ناظم آباد میں 26 ملی میٹر، سرجانی ٹاؤن میں 12 ملی میٹر، مسروس بیس پر 11 ملی میٹر، کورنگی میں 5 ملی میٹر، یونیورسٹی روڈ پر 4 ملی میٹر جبکہ گلشنِ حدید اور ڈی ایچ اے میں 3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں آج وقفے وقفے سے مزید بارش کا امکان ہے، جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع ابرآلود اور موسم مرطوب رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔شہر میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی توقع ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 28.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ گزشتہ روز درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں 5 سے 25 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے مختلف سمتوں سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 60 سے 85 فیصد تک رہنے کی توقع ہے۔ادارے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں تاکہ کسی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔






