سیلابی پانی کے باعث کرتارپور کا پورا علاقہ زیر آب،حکام نے ریڈ الرٹ جاری کردیا

سیلابی پانی کے باعث کرتارپور کا پورا علاقہ زیر آب آ چکا ہے اور پانی گھروں اور کھیتوں میں داخل ہوگیا ہے۔ دریاؤں کے کنارے آباد لوگوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی جاری ہے جبکہ حکام نے ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو دریاؤں کے کناروں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔بھارتی ہائی کمیشن سے موصولہ معلومات کی بنیاد پر انڈس واٹر کمشنر نے فلڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ الرٹ کے مطابق دریائے ستلج کے ہیڈ ہریکے زیریں اور فیروزپور زیریں میں اونچے درجے کا سیلاب متوقع ہے، دریائے راوی کے مادھوپور زیریں اور دریائے چناب کے اکھنور میں بھی پانی کی سطح بلند ہورہی ہے۔بھارت کی جانب سے دریائے راوی میں دو لاکھ کیوسک پانی چھوڑا گیا ہے جبکہ مسلسل بارشوں کے باعث دریائے راوی، چناب اور ستلج میں طغیانی پیدا ہوگئی ہے۔ دریائے چناب ہیڈ مرالہ کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کی آمد 6 لاکھ 96 ہزار 534 کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے۔فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر بھی انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے اور وہاں پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 45 ہزار 236 کیوسک تک پہنچ گیا ہے جو اگلے 12 گھنٹوں میں 2 لاکھ 80 ہزار کیوسک تک بڑھ سکتا ہے۔