شاہراہ فیصل پر معصوم شاہ مزار کے قریب دو ڈاکوؤں کو سادہ لباس پولیس اہلکار سے لوٹ مار کرنا مہنگا پڑ گیا۔ مزاحمت پر ہونے والی فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو مارا گیا جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔پولیس کے مطابق ہیڈ کانسٹیبل کاشف، جو رزاق آباد پولیس ٹریننگ سینٹر میں تعینات ہے، کو ڈاکوؤں نے لوٹنے کی کوشش کی۔ مزاحمت پر ملزمان نے فائرنگ کی جس پر اہلکار نے بھی جوابی کارروائی کی، نتیجے میں ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا۔مارے گئے ڈاکو کے قبضے سے اسلحہ، پولیس اہلکار سے چھینا گیا موبائل فون اور پرس کے علاوہ مزید 5 موبائل فونز بھی برآمد ہوئے ہیں۔ پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکو کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کردی گئی ہے جبکہ اس کی شناخت ایپ کی مدد سے کی جارہی ہے۔پولیس نے بتایا کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور فرار ہونے والے ساتھی کی تلاش کے لیے کوششیں تیز کردی گئی ہیں۔






