نیو کراچی میں آتشزدگی کے بعد گارمنٹس فیکٹری کی 3 منزلہ عمارت زمین بوس

کراچی کے علاقے نیو کراچی انڈسٹریل ایریا سیکٹر 8-اے میں خوفناک آتشزدگی کے بعد گارمنٹس فیکٹری کی تین منزلہ عمارت زمین بوس ہوگئی۔ عمارت کے گرنے کے وقت زور دار دھماکا ہوا جس سے علاقے میں بھگدڑ مچ گئی۔حادثے کے دوران ریسکیو اہلکار آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف تھے، جبکہ اے آر وائی نیوز کے رپورٹر افضل خان لائیو کوریج کر رہے تھے کہ اچانک پوری عمارت منہدم ہوگئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق کیمرہ مین سمیت 5 افراد زخمی ہوئے ہیں، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔عینی شاہدین کے مطابق فائرفائٹرز عمارت کے قریب موجود تھے، تاہم چیف فائر آفیسر ہمایوں خان نے واضح کیا کہ ملبے میں مزید کسی کے دبے ہونے کا خدشہ نہیں ہے۔ اب تک تین زخمیوں کو ریسکیو کیا جا چکا ہے۔فائربریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ آگ فیکٹری کے گراؤنڈ فلور پر لگی تھی جو تیزی سے اوپر کی منزلوں تک پھیل گئی۔ آگ بجھانے کے لیے 15 سے زائد فائر ٹینڈر اور اسنارکل آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ حکام کے مطابق فیکٹری کے اندر کوئی شخص موجود نہیں تھا، اس لیے بڑے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔دوسری جانب پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور شہریوں کو فیکٹری کے قریب نہ جانے کی ہدایت دی گئی تاکہ مزید کسی حادثے سے بچا جا سکے۔ آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔