کے الیکٹرک کے بریک ڈاؤن سے شہر شدید پانی کے بحران کا شکار

کراچی میں کے الیکٹرک کے طویل بریک ڈاؤن نے شہر کو سنگین پانی کے بحران میں مبتلا کردیا ہے۔ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق 11 ستمبر صبح 9 بجے سے این ای کے پمپنگ اسٹیشن اور کے ٹو فلٹر پلانٹ پر کیبل فالٹ کے باعث پمپنگ فیڈر 2 کی بجلی کی فراہمی معطل ہے، جو تاحال بحال نہیں ہوسکی۔ترجمان نے بتایا کہ بجلی کی مسلسل بندش کے نتیجے میں گزشتہ 53 گھنٹوں کے دوران پانی کی فراہمی میں 157 ملین گیلن کمی واقع ہوئی ہے۔ اس کمی کے باعث ضلع وسطی، صفورہ ٹاؤن، چنیسر ٹاؤن اور جناح ٹاؤن سمیت متعدد علاقے شدید متاثر ہیں۔واٹر کارپوریشن کا کہنا ہے کہ ادارہ کے الیکٹرک انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں ہے تاکہ مسئلے کا حل نکالا جاسکے، تاہم بجلی کی بحالی میں تاخیر کے سبب شہریوں کو بدترین مشکلات کا سامنا ہے۔