شہر قائد میں دو مختلف واقعات میں 2 خواتین زندگی کی بازی ہار گئیں

کراچی کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے دو افسوسناک واقعات میں دو خواتین جاں بحق ہوگئیں۔تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن کے رئیس امروہی کالونی میں 32 سالہ افشاں نامی خاتون کی لاش گھر سے ملی۔ ایس ایچ او اقبال مارکیٹ شیر محمد سانگی کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ متوفیہ نے مبینہ طور پر خواب آور گولیاں کھا کر خودکشی کی، جبکہ وہ کافی عرصے سے بیمار بھی رہتی تھی۔ پولیس نے لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا ہے اور اہلخانہ کے بیانات کی روشنی میں مزید تفتیش جاری ہے۔دوسرا واقعہ قائدآباد آغا ٹاؤن میں پیش آیا، جہاں 40 سالہ منظورہ بی بی گھریلو جھگڑے کے دوران تشدد کا نشانہ بننے کے بعد جاں بحق ہوگئیں۔ چھیپا کے مطابق متوفیہ کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔