شہر قائد کے علاقے اتحاد ٹاؤن میں ڈکیتی مزاحمت کے دوران 18 سالہ نوجوان کو گولیاں مار کر قتل کردیا گیا۔ اتحاد ٹاؤن تھانے کی حدود نواب کالونی 20 نمبر اسٹاپ کے قریب موٹرسائیکل پر سوار تین مسلح ملزمان نے مزاحمت پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 18 سالہ افتخار موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ مقتول کو جسم سے زیادہ خون بہہ جانے کے باعث جانبر نہ ہوسکا۔ایس ایس پی کیماڑی فیضان علی کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر واقعہ ڈکیتی مزاحمت کا معلوم ہوتا ہے، جب کہ جائے وقوعہ سے سی سی ٹی وی فوٹیج اور عینی شاہدین کے بیانات اکٹھے کیے جارہے ہیں۔واضح رہے کہ رواں سال شہر قائد میں ڈکیتی مزاحمت پر ہلاک ہونے والے شہریوں کی تعداد 78 تک پہنچ گئی ہے۔ قبل ازیں سپر ہائی وے براق پیٹرول پمپ سچل موڑ کے قریب ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر بھتیجا جاں بحق اور چچا زخمی ہوگیا تھا، جب کہ چچا کی جوابی فائرنگ سے ملزمان زخمی حالت میں فرار ہوگئے تھے۔






