شاہ فیصل کالونی میں رہائشی عمارت کی بالکونی گرنے سے نوجوان لڑکی جاں بحق

کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں رہائشی عمارت کی بالکونی گرنے کے نتیجے میں 17 سالہ مریم جاں بحق جبکہ اس کی والدہ شدید زخمی ہوگئیں۔پولیس کے مطابق حادثہ گرین ٹاؤن کی گلی نمبر 6 میں قائم پانچ منزلہ عمارت کی دوسری منزل پر پیش آیا۔ جاں بحق لڑکی کی شناخت مریم دختر ندیم کے نام سے ہوئی، جبکہ اس کی 43 سالہ والدہ سمیرا کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ متوفیہ کی لاش ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی۔مسلم لیگ (ن) کی مقامی رہنما شہناز اختر نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ متاثرہ خاندان کرائے کے فلیٹ میں رہائش پذیر تھا۔ انہوں نے حکام سے اپیل کی کہ مخدوش عمارتوں کے سروے اور مرمت کو یقینی بنایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔ہیڈ محرر تھانہ شاہ فیصل کالونی عثمان شاکر کے مطابق واقعہ حادثاتی تھا اور بالکونی کے اچانک گرنے کے باعث پیش آیا۔