کراچی ایئرپورٹ پولیس کا ایماندارانہ اقدام، برطانوی پولیس افسر کی گمشدہ جیکٹ اور سامان برآمد

کراچی ایئرپورٹ پولیس کی شاندار کارکردگی سامنے آگئی چھٹیوں پر اہلیہ کے ہمراہ کراچی آنے والے برطانوی پولیس افسر کی گمشدہ جیکٹ اور قیمتی سامان پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے برآمد کر کے جوڑے کے حوالے کر دیا۔تفصیلات کے مطابق برطانوی پولیس افسر ڈنکن وروی 5 اکتوبر کو اپنی پاکستانی اہلیہ کے ہمراہ قطر ایئر ویز کی پرواز کے ذریعے کراچی ایئرپورٹ پہنچے۔ امیگریشن اور کسٹم کلیئرنس کے بعد وہ اپنی اہلیہ کے ساتھ ٹرمینل سے باہر نکلے اور گاڑی میں سوار ہو کر منزل کی جانب روانہ ہوگئے۔بعد ازاں انہیں احساس ہوا کہ وہ اپنی جیکٹ پارکنگ ایریا میں سامان کی ٹرالی پر بھول آئے ہیں۔جیکٹ میں چابیاں، برطانوی پاؤنڈز، یوکے پولیس سروس کا شناختی کارڈ، اور دیگر اہم دستاویزات موجود تھیں۔ایس ایچ او ایئرپورٹ کلیم موسیٰ کے مطابق اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تلاش شروع کی اور کچھ ہی دیر میں جیکٹ اور تمام اشیاء برآمد کرلیں۔تمام سامان بحفاظت ڈنکن وروی کے حوالے کر دیا گیا، جنہوں نے ایئرپورٹ پولیس کی ایمانداری اور فوری کارروائی کی بھرپور تعریف کی۔