جامعہ کراچی میں دو طلبہ تنظیموں کے تصادم کے نتیجے میں دو طالب علم زخمی ہوگئے، صورتحال پر قابو پانے کے لیے پولیس اور رینجرز کو طلب کیا گیا۔ذرائع کے مطابق جامعہ کراچی کے آرٹس لابی میں اسلامی جمعیت طلبہ اور سندھی شاگردان تنظیم کے درمیان جھگڑا ہوا، جس میں اسلامی جمعیت طلبہ کے دو کارکن زخمی ہوگئے۔ زخمی طلبہ کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔تصادم کے بعد مشتعل افراد نے آرٹس لابی کے باہر کھڑی موٹر سائیکلوں کو بھی آگ لگا دی۔ واقعے کے دوران جامعہ کراچی کے وائس چانسلر نے ذاتی طور پر ایک زخمی طالب علم کو اپنی گاڑی میں کلینک منتقل کیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی رینجرز اور مبینہ ٹاؤن تھانے کی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی اور حالات کو قابو میں لیا۔اسلامی جمعیت طلبہ کے ترجمان حسن احمد کے مطابق “باہر سے آئے ہوئے دو درجن سے زائد افراد نے ہمارے کارکنان پر حملہ کیا اور انہیں شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔” ان کے مطابق زخمی ہونے والے کارکنوں کی شناخت کرمنالوجی ڈپارٹمنٹ کے ایم فل طالب علم فہیم خان اور ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ فائنل ایئر کے طالب علم حسان کے ناموں سے ہوئی ہے۔ دونوں مسکن کے قریب واقع ایک نجی اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔ترجمان جمعیت کا مزید کہنا تھا کہ جامعہ کراچی انتظامیہ فوری طور پر بیرونی عناصر کے خلاف کارروائی کرے اور مقدمہ درج کیا جائے۔






