شہرقائد میں بھتہ خور ایک بار پھر سرگرم ہوگئے۔ گارڈن جماعت خانے کے قریب زیرِ تعمیر عمارت کے چوکیدار پر نامعلوم ملزمان نے بھتے کی پرچی دینے کے بعد فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 65 سالہ عبدالبخش شدید زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق واقعہ جمعرات کی صبح پیش آیا، زخمی شہری کو سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق موٹرسائیکل سوار ملزمان بھتے کی پرچی دینے کے بعد اندھا دھند فائرنگ کرکے فرار ہوگئے۔ایس ایچ او سولجر بازار زاہد کھمبو نے تصدیق کی کہ متاثرہ شہری زیرِ تعمیر “ماشاءاللہ دارالسلام ریزیڈنسی” کا چوکیدار تھا اور ملزمان نے بھتے کی پرچی پر درج غیر ملکی نمبر پر رابطہ کرنے کی ہدایت دی تھی۔ پرچی لیاری گینگ وار کے بہادر پی ایم ڈی گروہ کی جانب سے بلڈر مصطفیٰ کو دی گئی تھی۔پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کردی گئی ہے۔






