کلفٹن میں تیز رفتار کار فٹ پاتھ پر چڑھ گئی، 2 افراد جاں بحق، 4 زخمی

کلفٹن کے علاقے عبداللہ شاہ غازی مزار کے قریب تیز رفتار کار ڈرائیور سے بے قابو ہوکر فٹ پاتھ پر سوئے افراد پر چڑھ گئی، جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 4 شدید زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق حادثہ پیر کی صبح بوٹ بیسن تھانے کی حدود کلفٹن بلاک 4 میں پیش آیا، حادثے میں گاڑی اور موٹر سائیکل مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔ جاں بحق افراد کی شناخت کریم اور شبیر احمد کے ناموں سے ہوئی جب کہ زخمیوں میں مدثر، شکیل، طاہر اور احد شامل ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی چلانے والا احد نشے میں دھت تھا اور گاڑی اس کے قابو میں نہیں رہی، جس کے باعث پہلے ایک موٹر سائیکل سوار کو ٹکر ماری گئی اور بعد ازاں گاڑی فٹ پاتھ پر سوئے افراد پر چڑھ گئی۔ زخمی ڈرائیور کو اسپتال منتقل کرنے کے بعد پولیس نے اُسے حراست میں لے لیا ہے۔پولیس کے مطابق گاڑی طاہر علی کے نام پر رجسٹرڈ ہے جبکہ حادثے میں موٹر سائیکل سوار کا اب تک سراغ نہیں مل سکا۔ پولیس نے شواہد اکھٹے کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔