کراچی جوڑیا بازار میں کسٹمز کی بڑی کارروائی، 55 لاکھ کی اسمگل شدہ سپاری برآمد

پاکستان کسٹمز انفورسمنٹ نے انسدادِ اسمگلنگ مہم کے تحت کراچی میں کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے بڑی مقدار میں اسمگل شدہ سپاری برآمد کرلی۔ ترجمان کے مطابق کارروائی علی الصبح جوڑیا بازار کی برتن گلی کے گوداموں پر کی گئی جہاں سے اسمگل شدہ سپاری کے 310 بورے برآمد ہوئے۔ کلکٹر کسٹمز معین الدین وانی کے مطابق ضبط کی گئی سپاری کا وزن 3720 کلوگرام جبکہ مالیت 55 لاکھ 80 ہزار روپے ہے۔ ذرائع کے مطابق ان گوداموں سے اسمگل شدہ سپاری شہر کے مختلف حصوں میں تقسیم کی جاتی تھی۔ حکام نے مقدمہ درج کرکے تمام سامان اپنی تحویل میں لے لیا ہے، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔