سندھ رینجرز کی پہلوان گوٹھ میں کارروائی،کیش وین ڈکیتی کا بڑا ملزم گرفتار

سندھ رینجرز نے کراچی کے علاقے پہلوان گوٹھ میں کارروائی کرتے ہوئے نجی کمپنی کی کیش وین لوٹنے کی بڑی واردات میں ملوث ایک اہم ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزم عبدالصمد ولد جُمن شاہ غیرقانونی اسلحہ کی خرید و فروخت، ڈکیتی اور متعدد جرائم میں ملوث ہے۔ کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے بغیر لائسنس 30 بور پسٹل بمعہ ایمونیشن، چوری شدہ موٹر سائیکل اور موبائل فون برآمد کر لیا گیا۔ دورانِ تفتیش ملزم نے انکشاف کیا کہ وہ 2021 میں اپنے چھوٹے بھائی حنیف اللہ عرف سراج خان اور دیگر ساتھیوں کے ساتھ آئی آئی چندریگر روڈ پر نجی کمپنی کی کیش وین لوٹنے کی واردات میں بھی شامل تھا، جس میں تقریباً 20 کروڑ 50 لاکھ روپے کی خطیر رقم لوٹی گئی تھی۔ ملزم نے مزید اعتراف کیا کہ وہ مختلف ڈکیت گروہوں، منشیات فروشوں اور کار لفٹر گینگز کے ساتھ رابطے میں رہتا ہے اور انہیں وارداتوں کے لیے غیر قانونی اسلحہ فراہم کرتا ہے۔ رینجرز کے مطابق ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔ گرفتار ملزم کو اسلحے، ایمونیشن اور مسروقہ سامان سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔