کراچی کورنگی میں ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک شہری جاں بحق

کراچی کے علاقے کورنگی ڈھائی نمبر میں ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک شہری جاں بحق ہو گیا۔ واقعے کے بعد مشتعل افراد نے دونوں ملزمان کو پکڑ کر شدید تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایک ملزم موقع پر ہلاک اور دوسرا زخمی ہو گیا۔ دوسری جانب کراچی کے علاقے لیاری میں دن دیہاڑے ڈاکٹر کی ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ پیش آیا۔ پولیس کے مطابق بکرا پیڑی کے قریب کلینک سے نکل کر واک پر جانے والے ڈاکٹر شمبو لعل عرف ڈاکٹر لعل کو تعاقب میں آنے والے مسلح ملزمان نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ فائرنگ کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کیے۔ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ مقتول ڈاکٹر حسب معمول لیاری ایکسپریس وے کے ٹریک پر واک کے لیے جا رہے تھے کہ ملزمان نے نشانہ بنایا۔ پولیس نے واقعے کی تفتیش مختلف پہلوؤں سے شروع کر دی ہے۔