کراچی کے علاقے ڈسٹرکٹ سینٹرل، نیو کراچی میں ڈکیتی کی ایک بڑی واردات پیش آئی ہے، جہاں نامعلوم ملزمان نے ڈپارٹمنٹل اسٹور کے ملازم سے لاکھوں روپے لوٹ لیے اور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، واقعہ بلال کالونی تھانے کی حدود میں پیش آیا۔ ڈپارٹمنٹل اسٹور کا ملازم 35 لاکھ روپے سے زائد کی رقم بینک میں جمع کروانے کے لیے جا رہا تھا کہ راستے میں موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے اسلحہ کے زور پر رقم چھین لی اور موقع سے فرار ہو گئے۔ واقعے کے حوالے سے قائم مقام ایس ایچ او بلال کالونی، انسپکٹر وسیم نے بتایا کہ واردات دن دیہاڑے پیش آئی، اور پولیس نے علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سمیت مختلف پہلوؤں سے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جبکہ متاثرہ ملازم کا بیان قلمبند کیا جا چکا ہے۔ واردات نے شہر میں بڑھتے ہوئے جرائم اور سیکیورٹی کے ناقص انتظامات پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔






