یومِ آزادی کی تقریبات کا شاندار آغاز کرتے ہوئے آج گورنر ہاؤس سندھ میں دنیا کا سب سے بڑا بغیر سلائی یا جوڑ کے تیار کردہ قومی پرچم لہرایا جائے گا۔یہ منفرد اور تاریخی پرچم قومی یکجہتی، فخر اور حب الوطنی کی علامت کے طور پر عوام کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ اس باوقار تقریب کا افتتاح گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کریں گے، جو خود قومی پرچم کو لہرائیں گے۔ یہ تقریب یومِ آزادی کے موقع پر شروع ہونے والی 14 روزہ تقریبات کا پہلا سنگ میل ہے، جس کا مقصد پاکستانی عوام میں ملی جذبے، قومی شعور اور حب الوطنی کو فروغ دینا ہے۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے اس موقع پر اعلان کیا کہ جو موٹر سائیکل سوار شہری گورنر ہاؤس کا دورہ کریں گے، انہیں قومی پرچم مفت فراہم کیا جائے گا تاکہ ہر گلی، ہر کوچہ، ہر چوراہے پر سبز ہلالی پرچم لہراتا نظر آئے۔ یہ قدم نہ صرف یومِ آزادی کو عوامی سطح پر بھرپور انداز میں منانے کا عکاس ہے بلکہ شہریوں کو ملک سے محبت کے اظہار کا موقع بھی فراہم کرتا ہے۔






