وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ نے کمشنر آفس کنٹرول روم سے شہر کی انتظامیہ کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں میں بارش کا نیا اسپیل متوقع ہے، اس لیے ضلعی انتظامیہ اور بلدیاتی ادارے فوری طور پر عوامی خدمت کے لیے فیلڈ میں نکلیں۔کمشنر کراچی نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور میونسپل کمشنرز کو ہدایت دی ہے کہ وہ ندی نالوں اور نکاسی آب کا فوری جائزہ لیں اور بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے ضروری مشینری کا انتظام یقینی بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹریفک پولیس ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے اقدامات کرے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات نہ ہوں۔ادھر پی ڈی ایم اے (PDMA) نے بھی ممکنہ بارشوں کے پیش نظر تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے سلمان شاہ نے شاہراہ فیصل اور ڈرگ روڈ پر نصب پمپس کا معائنہ کیا اور اطمینان کا اظہار کیا۔ ان کے مطابق شہر کی اہم شاہراہوں پر 13 ڈی واٹرنگ پمپس نصب کیے گئے ہیں جبکہ 3 اضافی پمپس ایمرجنسی کے دوران فوری طور پر استعمال کیے جائیں گے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ عملہ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے، بارش مختلف وقفوں سے جاری رہنے کا امکان ہے، اس لیے عوام غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔






