شہر قائد میں کئی ہفتوں کے معتدل موسم کے بعد گرمی نے ایک بار پھر شدت اختیار کرلی

شہر قائد میں کئی ہفتوں کے معتدل موسم کے بعد گرمی نے ایک بار پھر شدت اختیار کرلی ہے۔ تیز دھوپ اور صاف مطلع کے باعث درجہ حرارت اور حدت میں بتدریج اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر کے مطابق آئندہ 3 روز کے دوران کراچی کا موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ اس دوران شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، جب کہ کم سے کم درجہ حرارت 27 سے 28 ڈگری کے درمیان رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دن کے پہلے حصے میں شمال مغربی ہوائیں چلیں گی جو بعد ازاں سمندر سے آنے والی جنوب مغربی ہواؤں میں تبدیل ہو جائیں گی۔ صبح کے وقت نمی کا تناسب 90 فیصد اور شام کے وقت 65 فیصد تک رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث گرمی کی شدت مزید بڑھ سکتی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق صوبہ سندھ کے بیشتر علاقوں میں بھی آئندہ دنوں کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ گرمی سے بچاؤ کے لیے مناسب احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں۔