کراچی کی اہم شاہراہ شارع فیصل پر کارساز فلائی اوور کے قریب مال بردار ٹرک الٹنے کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ڈرائیور زخمی ہوگیا اور ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کے بعد ڈرائیور اسامہ ٹرک کے اندر پھنس گیا تھا، جسے کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد زخمی حالت میں بحفاظت نکال کر جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ ٹرک کا بریک فیل ہونے اور اوور لوڈنگ کے باعث پیش آیا۔ ٹرک کارساز فلائی اوور پر چڑھتے ہوئے ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوگیا اور الٹ کر سڑک پر جا گرا۔ہیوی مشینری کی مدد سے ٹرک کو سڑک سے ہٹانے کا کام جاری ہے جبکہ حادثے کے باعث شارع فیصل پر طویل ٹریفک جام لگ گیا۔





