ایئرپورٹ پر شہری سے 8 لاکھ ڈالر مالیت کی ڈیجیٹل کرنسی لوٹ لی گئی، ایس ایس پی ملیر کو انکوائری کا حکم

کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مبینہ طور پر سادہ لباس دو افراد نے شہری سے 8 لاکھ امریکی ڈالر مالیت کی ڈیجیٹل کرنسی لوٹ لی۔ عدالت نے واقعے کی تحقیقات کے لیے ایس ایس پی ملیر کو انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کیماڑی کے رہائشی فیض یاب حسین نے ملیر کورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ وہ پشاور جانے کے لیے ایئرپورٹ پہنچا تھا، جہاں دو افراد نے خود کو اہلکار ظاہر کرتے ہوئے اسے ایک کمرے میں لے جا کر موبائل فون چھین لیا اور اس کے اکاؤنٹ سے ڈیجیٹل کرنسی ٹرانسفر کر لی۔عدالت نے واقعہ کی تحقیقات کے لیے ڈی ایس پی رینک کے افسر کے ذریعے انکوائری کا حکم دیا ہے، جبکہ پولیس نے عدالت میں ابتدائی رپورٹ اور یو ایس بی جمع کرائی ہے جس میں واقعے کی تفصیلات موجود ہیں۔درخواست گزار نے ایک اور درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج صبح 9 سے دوپہر 1 بجے تک محفوظ کر کے سیل کی جائے تاکہ شواہد ضائع نہ ہوں۔فیض یاب کے مطابق اسے مبینہ طور پر ایوی ایشن روم میں تشدد اور دھمکیوں کا نشانہ بھی بنایا گیا، جبکہ پولیس نے ابتدا میں ایف آئی آر درج کرنے سے انکار کیا۔دوسری جانب پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے اس واقعے کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ ایئرپورٹ پر شہری سے ڈیجیٹل کرنسی چھیننے کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا اور متعلقہ شہری پرواز کے لیے ایئرپورٹ آیا ہی نہیں تھا۔درخواست کی نقول چیف جسٹس پاکستان، چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ اور دیگر اعلیٰ حکام کو بھی ارسال کر دی گئی ہیں۔