شہرِ قائد میں آئندہ تین دن کے دوران مطلع جزوی ابر آلود اور موسم مرطوب رہنے کا امکان ہے، جبکہ مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور بوندا باندی کی پیش گوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کے مطابق کراچی میں درجہ حرارت 31 سے 33 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے اور سمندری ہوائیں بھی مسلسل بحال رہیں گی۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم مشرقی ساحلی پٹی کے کچھ مقامات پر ہلکی بارش یا بوندا باندی ہو سکتی ہے۔دوسری جانب دریاؤں میں سیلابی صورتحال برقرار ہے۔ گڈو بیراج پر اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے جہاں پانی کی سطح 5 لاکھ 44 ہزار 658 کیوسک تک پہنچ گئی ہے۔ سکھر بیراج پر درمیانے درجے کے سیلاب کے دوران پانی کا بہاؤ 4 لاکھ 70 ہزار 580 کیوسک ہے، جبکہ کوٹری بیراج پر نچلے درجے کے سیلاب کے ساتھ پانی کی سطح 2 لاکھ 62 ہزار 509 کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے۔






