کراچی میں کپڑے کے ایک تاجر کو بھتہ نہ دینے پر جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے والے 3 بھتہ خور پولیس کے ہتھے چڑھ گئے۔ایس ایس پی امجد شیخ کے مطابق اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (SIU) نے دھوراجی میں کارروائی کے دوران تین ملزمان عثمان حیات، اسامہ خان اور عبدالغفور کو گرفتار کیا۔ ملزمان نے تاجر محمد انشال سے 3 کروڑ روپے بھتہ طلب کیا تھا۔پولیس کے مطابق 11 ستمبر کو ملزم عثمان نے تاجر کے دفتر ایک لفافہ بھجوایا جس میں 3 گولیاں، بھتے کی پرچی اور سنگین دھمکیاں شامل تھیں۔ایس ایس پی کے مطابق گرفتار ملزمان سے بھتے کے لیے استعمال ہونے والے موبائل فونز، سم کارڈز اور اسلحہ برآمد ہوا ہے۔ بھتے کے مطالبے کا مقدمہ تھانہ بہادر آباد میں درج کرلیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔






