وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کے بھائی فرحان غنی اور ساتھی رہا

کراچی میں سرکاری ملازم پر تشدد کے کیس میں گرفتار وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کے بھائی اور چنیسر ٹاؤن کے چیئرمین فرحان غنی سمیت تین ملزمان کو رہا کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق مقدمے کے مدعی سہیل نے گزشتہ رات اپنا کیس واپس لے لیا، جس کے بعد پولیس نے دفعہ 493 کے تحت ملزمان کو رہائی دی۔ فرحان غنی اور دیگر ملزمان کی رہائی کی رپورٹ عدالت میں بھی جمع کرائی جائے گی۔ملزمان کو آج جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا جانا تھا۔ یاد رہے کہ عدالت نے انہیں 30 اگست تک ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا تھا، جب کہ مقدمہ فیروزآباد تھانے میں دہشت گردی ایکٹ کے تحت درج کیا گیا تھا۔