اورنگی ٹاؤن میں ڈکیتی مزاحمت پر معصوم بچوں کے سامنے باپ کو قتل کردیا گیا

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں ڈکیتی مزاحمت پر معصوم بچوں کے سامنے ایک باپ کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔ اس اندوہناک واقعے کی خوفناک سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آ گئی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فیصل آباد سے آئے شہری سجاد شوکت اپنے گھر کی دہلیز پر بچوں کے ہمراہ کھڑے تھے کہ موٹر سائیکل پر سوار دو ملزمان تیزی سے وہاں پہنچے۔ سفید شلوار قمیض اور پی کیپ پہنے ایک ملزم موٹر سائیکل سے اتر کر سجاد کے قریب آتا ہے اور معمولی مزاحمت کے بعد انتہائی قریب سے گولی چلا دیتا ہے۔ اس وقت سجاد کی گود میں اس کا معصوم بچہ بھی موجود تھا، جو فائرنگ کے بعد خوفزدہ ہو کر گھر کے اندر بھاگ گیا، جبکہ سجاد موقع پر گر کر جاں بحق ہو گیا۔فوٹیج میں فائرنگ کرنے والے ملزم کا چہرہ واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے، تاہم موٹر سائیکل چلانے والے دوسرے ملزم کی شناخت پولیس کے لیے چیلنج بنی ہوئی ہے۔ واقعے کے بعد ڈی آئی جی ویسٹ نے سخت ایکشن لیتے ہوئے اقبال مارکیٹ کے ایس ایچ او کو معطل کر کے عہدے میں تنزلی کر دی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔