ایف آئی اے نے کراچی میں حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کے خلاف گھیرا مزید تنگ کر دیا۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق، اینٹی کرپشن سرکل کراچی نے دو الگ کارروائیوں کے دوران دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
گرفتار ملزمان کی شناخت وحید اور قادر کے ناموں سے ہوئی، جنہیں ویسٹ وہارف اور ڈیفنس کے علاقوں سے حراست میں لیا گیا۔ایف آئی اے کے مطابق، ملزمان کے قبضے سے 36 ہزار سعودی ریال، 3100 امریکی ڈالر اور 1800 ملائیشین رنگٹ برآمد ہوئے۔ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ دونوں ملزمان بغیر لائسنس کے کرنسی ایکسچینج کا غیر قانونی کاروبار کر رہے تھے۔حکام کے مطابق، ملزمان سے موبائل فونز اور ڈیجیٹل شواہد بھی برآمد کیے گئے ہیں۔ایف آئی اے نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔






