ایف آئی اے کا کراچی میں کارروائی، حوالہ ہنڈی میں ملوث شخص گرفتار

ایف آئی اے کراچی زون نے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کے کاروبار میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق، ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی نے پی ای سی ایچ ایس کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے ملزم محمد حارث کو حراست میں لیا، جو بغیر لائسنس کرنسی ایکسچینج کا غیر قانونی کاروبار کر رہا تھا۔کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے 5169 امریکی ڈالر، 276 سعودی ریال، 9450 موزمبیکو میٹیکل، 100 تھائی بھات، برطانوی پاونڈ، مالدیپ روفیا اور یو اے ای درہم سمیت لاکھوں روپے مالیت کی غیر ملکی کرنسی برآمد ہوئی۔مزید براں 12 لاکھ 50 ہزار پاکستانی روپے، مختلف مالیت کے 399 پرائز بانڈز اور 12 سونے کے سکے بھی ضبط کیے گئے۔ برآمد شدہ سونے کے سکوں کا وزن 0.5 گرام سے ایک تولہ تک بتایا گیا ہے۔ایف آئی اے کے مطابق، ملزم سے موبائل فونز اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج سے متعلق ڈیجیٹل شواہد بھی حاصل کیے گئے ہیں۔ ملزم برآمد شدہ کرنسی کے بارے میں حکام کو مطمئن نہ کر سکا، جس پر اسے گرفتار کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ترجمان نے بتایا کہ ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔