کراچی میں مختلف پولیس مقابلے، چار زخمی ڈاکو گرفتار، اسلحہ نقدی اور موٹرسائیکل برآمد

شہرِ قائد میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس کی کارروائیاں جاری ہیں۔ مختلف علاقوں میں ہونے والے مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران چار زخمی ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔سعید آباد پولیس نے میمن کالونی میں کارروائی کرتے ہوئے دو ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔چھیپا حکام کے مطابق زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی شناخت صدام حسین اور سائیں بخش کے ناموں سے ہوئی۔پولیس کے مطابق ان کے قبضے سے ایک پستول، چھینے گئے موبائل فون، نقدی اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی ہے۔ادھر چاکیواڑہ پولیس نے لیاری کے علاقے میرانکہ کے قریب ایک اور مبینہ مقابلے کے دوران ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کیا، جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔گرفتار ملزم کی شناخت بلال عرف ٹینشن کے نام سے کی گئی ہے، جسے سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔پولیس کے مطابق اس کے قبضے سے بھی اسلحہ، نقدی، موبائل فون اور موٹرسائیکل برآمد ہوئی ہے۔اسی طرح کلاکوٹ پولیس نے مرزا آدم خان روڈ، لیاری پر کارروائی کرتے ہوئے ایک اور زخمی ڈاکو کو گرفتار کیا۔چھیپا ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت حارث کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس کے قبضے سے بھی اسلحہ برآمد کیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ زخمی ڈاکوؤں کے سابقہ ریکارڈ اور جرائم میں ملوث ہونے کی تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔