کراچی کےعلاقے ڈیفنس سے گرفتار ملزم کے مزید انکشافات

کراچی کے علاقے ڈیفنس سے گرفتار کمسن بچیوں سے زیادتی کے مرکزی ملزم شبیر تنولی کی تفتیش میں مزید سنگین انکشافات سامنے آئے ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزم اب تک 100 سے زائد بچیوں کے چہرے شناخت کر چکا ہے جبکہ اس کے قبضے سے متاثرہ بچیوں کے کپڑے اور اسکول کارڈ بھی برآمد ہوئے ہیں۔ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے محلے کے ایک بچے سے زیادتی کا اعتراف بھی کیا ہے۔ ملزم کے موبائل فون اور یو ایس بی فرانزک ٹیسٹ کے لیے بھجوا دیے گئے ہیں تاکہ مزید شواہد اکٹھے کیے جا سکیں۔پولیس کے مطابق شبیر تنولی کے خلاف مزید تین مقدمات درج کرلیے گئے ہیں، جس کے بعد اس کے خلاف مقدمات کی تعداد سات ہو گئی ہے۔ اس کے علاوہ کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر بھی کارروائی کی جا رہی ہے جبکہ اسے گھر کرائے پر دینے والا مالک مکان تاحال مفرور ہے۔اب تک چھ متاثرہ خاندانوں نے پولیس سے رابطہ کیا ہے اور تفتیشی افسران کے مطابق ملزم مزید انکشافات بھی کر رہا ہے۔ عدالت سے کرایہ داری ایکٹ کے تحت ریمانڈ حاصل کرلیا گیا ہے اور پولیس کی تحقیقات جاری ہیں۔