محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ ہوا کا موجودہ کم دباؤ جمعرات کو شدت اختیار کرکے ڈپریشن میں تبدیل ہوسکتا ہے، جس کے باعث کراچی اور سندھ کے دیگر ساحلی علاقوں میں جمعے کے روز دوبارہ بارش کے امکانات ہیں۔ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق بھارتی گجرات کے اوپر کئی روز سے موجود کم دباؤ کا علاقہ مغرب کی طرف بڑھتے ہوئے اس وقت شمال مشرقی بحیرہ عرب اور بھارتی علاقے سوراشٹرا کے قریب موجود ہے۔ یہ نظام کراچی سے تقریباً 310 کلومیٹر جنوب مشرق میں ہے اور اگلے مرحلے میں مزید شدت اختیار کرکے ڈپریشن کی صورت اختیار کرسکتا ہے۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اس دوران سمندر میں 55 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جس سے سمندر میں ناہموار صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔ اس سلسلے میں سندھ کے ماہی گیروں کو 3 اکتوبر تک گہرے سمندر میں جانے سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔کراچی میں بدھ کے روز بارش کی پیش گوئی کے باوجود مطلع جزوی ابرآلود اور موسم خشک رہا، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33.5 ڈگری جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 56 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے ترجمان انجم نذیر ضیغم کے مطابق منگل کو کراچی میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش لانے والا سسٹم کمزور ضرور ہوا ہے لیکن مکمل طور پر ختم نہیں ہوا، اسی وجہ سے جمعے کو دوبارہ بارش کے امکانات موجود ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ بحیرہ عرب کے قریب موجود کم دباؤ فی الحال کراچی یا کسی بھی ساحلی مقام کے لیے خطرہ نہیں ہے۔ تاہم اگر یہ سسٹم آئندہ مراحل میں مزید شدت اختیار کرتا ہے تو کراچی اور سندھ کے دیگر ساحلی علاقوں میں تیز ہواؤں اور بارش کی صورت میں اثر انداز ہوسکتا ہے۔






