کورنگی میں شادی کے روز لاپتا ہونے والا دلہا واپس گھر پہنچ گیا

کراچی کے علاقے کورنگی مدینہ کالونی سے 11 ستمبر کو اپنی ہی شادی کے روز پراسرار طور پر لاپتا ہونے والا دلہا جہانزیب پیر اور منگل کی درمیانی شب گھر واپس آگیا۔جہانزیب کے والد وسیم کی مدعیت میں 2 روز بعد زمان ٹاؤن تھانے میں اغوا کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کروایا گیا تھا۔ ایف آئی آر کے مطابق دلہا شادی والے روز شام 6 بجے سیلون جانے کے لیے گھر سے نکلا لیکن واپس نہ آیا، جبکہ اس کا موبائل فون بھی گھر پر ہی موجود پایا گیا۔پولیس نے بتایا کہ اہلخانہ کو شبہ تھا کہ جہانزیب کو نامعلوم افراد نے اغوا کرلیا ہے۔ تاہم تحقیقات کے دوران انویسٹی گیشن پولیس نے انکشاف کیا کہ دلہا خود اپنی مرضی سے گھر چھوڑ کر گیا تھا۔ایس ایچ او زمان ٹاؤن نفیس الرحمان کے مطابق جہانزیب نے ابتدائی بیان میں بتایا کہ شادی کا رشتہ گھر والوں نے اپنی مرضی سے طے کیا تھا، جس کے باعث وہ ذہنی دباؤ کا شکار تھا۔ اسی پریشانی میں اس نے شادی کے روز گھر چھوڑ دیا اور کئی دن شہر کی سڑکوں پر گزارتا رہا۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج ہے اور دلہا جہانزیب سے مزید تفتیش جاری ہے۔