بھارتی خفیہ ایجنسی “را” کا نیٹ ورک بے نقاب، دو مشتبہ افراد گرفتار

پاکستان کے خلاف سرگرم بدنام زمانہ بھارتی خفیہ ایجنسی “را” کے نیٹ ورک پر بڑی کاری ضرب ،نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے 9 اکتوبر 2025 کو خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دو مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ترجمان این سی سی آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان پاکستان کی حساس تنصیبات سے متعلق معلومات سوشل میڈیا کے ذریعے بیرونِ ملک منتقل کر رہے تھے۔کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے موبائل فون، کمپیوٹرز اور مالی لین دین کے شواہد برآمد ہوئے۔ فرانزک تحقیقات میں بھارتی نیٹ ورک کے مزید ارکان اور غیر ملکی روابط سے متعلق اہم سراغ بھی ملے ہیں۔ترجمان کے مطابق تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے اور مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔گرفتار افراد کے خلاف پیکا ایکٹ اور پاکستان پینل کوڈ کی دفعات کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔این سی سی آئی اے کا کہنا ہے کہ پاکستان کی ڈیجیٹل قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری ہیں اورملک کو غیر مستحکم کرنے کی کسی بھی آن لائن سازش کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔