بارش سے تباہ سڑکوں کی بحالی کا کام اتوار سے شروع ہوگا،میئر کراچی کا اعلان

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے اعلان کیا ہے کہ بارش سے تباہ ہونے والی کے ایم سی کی 106 سڑکوں کی بحالی کا کام اتوار سے شروع کردیا جائے گا۔بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی 77ویں برسی کے موقع پر مزارِ قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ “کراچی آدھا ہو یا پورا، یہ ہمارا شہر ہے اور ہم ہر جگہ عوام کی خدمت کے لیے موجود ہیں۔”ان کا کہنا تھا کہ شہر کے مسائل کے مستقل حل کے لیے اسٹیک ہولڈرز کو مل بیٹھ کر فیصلے کرنا ہوں گے اور ایک واضح کمانڈ اسٹرکچر تشکیل دینا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر کمشنر کراچی اور ٹریفک پولیس سمیت تمام ادارے مل کر اقدامات کر رہے ہیں اور سڑکوں کی کلیئرنس پر کام جاری ہے۔میئر کراچی نے واضح کیا کہ 106 مین شاہراہیں کے ایم سی کے دائرہ کار میں آتی ہیں اور ان کی بحالی بطور میئر ان کی ذمہ داری ہے، اسی لیے اتوار سے تعمیر و مرمت کا عمل شروع کیا جا رہا ہے۔