ابراہیم حیدری پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے مدرسے کے طالب علموں سے بدفعلی اور بلیک میلنگ میں ملوث مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کارروائی النور اکیڈمی، الیاس گوٹھ کے قریب کی گئی جہاں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے خان محمد ولد عظمت نامی شخص کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم نہ صرف طالب علموں کے ساتھ بدفعلی کرتا بلکہ انہیں دھمکا کر خاموش رہنے پر مجبور کرتا تھا۔ پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزم نہایت منصوبہ بندی کے تحت معصوم طلبہ کو مذہبی تعلیم اور شفقت کا لالچ دے کر اپنی ہوس کا نشانہ بناتا تھا۔ پولیس نے مزید بتایا کہ خان محمد کی یہ غیر اخلاقی حرکات کئی دنوں سے جاری تھیں۔ ابراہیم حیدری تھانے میں ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔ پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ متاثرہ طلبہ کو مکمل قانونی تحفظ اور معاونت فراہم کی جائے گی۔