کراچی میں کسٹمز کی بڑی کارروائی، اسیٹرک ایسڈ کی آڑ میں 2 کروڑ روپے کا اسمگل شدہ مال برآمد

پاکستان کسٹمز نے انسدادِ اسمگلنگ مہم کے سلسلے میں ایک بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے کراچی میں گودام پر کارروائی کے دوران اسیٹرک ایسڈ کی آڑ میں چھپایا گیا اسمگل شدہ مونو سوڈیم گلوٹامیٹ برآمد کرلیا۔ کارروائی خفیہ اطلاع کی بنیاد پر یونائیٹڈ ٹریڈرز کے ولیکا چورنگی اے ون گودام میں کی گئی، جہاں مشکوک مال ذخیرہ کیے جانے کی اطلاع ملی تھی۔کسٹمز حکام کے مطابق گودام میں رکھے گئے اسیٹرک ایسڈ کی 800 بوریوں میں مجموعی طور پر 20 ہزار کلوگرام اسمگل شدہ مونو سوڈیم گلوٹامیٹ چھپایا گیا تھا، جس کی مجموعی مالیت 2 کروڑ 5 لاکھ روپے بنتی ہے۔ کارروائی کے دوران گودام سے صرف اسیٹرک ایسڈ کی 100 اصلی بوریاں ہی برآمد ہوئیں جبکہ باقی تمام بوریاں اسمگل شدہ کیمیکل چھپانے کے لیے استعمال کی گئی تھیں۔کسٹمز نے موقع پر موجود افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا ہے جبکہ ضبط شدہ مونو سوڈیم گلوٹامیٹ کو تحویل میں لے کر کسٹمز گودام منتقل کردیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جا رہی ہیں۔