شہرِ قائد میں گزشتہ رات پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں دو الگ الگ مبینہ مقابلوں کے دوران چار ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا، جن میں سے تین زخمی حالت میں پکڑے گئے۔ پولیس کے مطابق دونوں کارروائیاں گشت کے دوران کی گئیں جب مشکوک افراد کی جانب سے فائرنگ پر اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی۔ پہلا مقابلہ بوٹ بیسن کے علاقے میں چائنا پورٹ کے قریب اس وقت پیش آیا جب پولیس نے مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا۔ ملزمان نے فوری طور پر فائرنگ شروع کر دی جس پر پولیس نے جوابی کارروائی کی اور دو ڈاکو زخمی ہو کر گرفتار ہوئے۔ گرفتار افراد کی شناخت نور ولی، عبدالرحمان اور سعید اللہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔ زخمی ملزمان کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ سعید اللہ کو کارروائی کے بعد تھانے منتقل کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے دو 30 بور پستولیں، متعدد موبائل فونز اور نقدی برآمد ہوئی۔ دوسرا مبینہ مقابلہ بن قاسم کے علاقے میں مہران ہائی وے پر پیش آیا جہاں گشت کے دوران ایک ڈاکو نے پولیس کو دیکھ کر مزاحمت کی اور فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں ملزم زخمی حالت میں گرفتار ہوا جس کی شناخت ذوالفقار ولد غلام محمد کے طور پر کی گئی۔ زخمی ملزم کو بھی چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح ہسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس نے ملزم سے ایک پستول، موبائل فون، نقدی اور واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل برآمد کر لی۔ پولیس کے مطابق دونوں واقعات کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کے کرمنل ریکارڈز بھی چیک کیے جا رہے ہیں۔






