کراچی میں پولیس کی بڑی کارروائی، چوری شدہ موٹر سائیکلوں کے پارٹس سے بھرا ٹرک برآمد

شہرِ قائد میں پاک کالونی پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے پرانا گولیمار کے علاقے میں واقع کباڑ کے گودام پر چھاپہ مارا۔ترجمان ڈسٹرکٹ کیماڑی پولیس کے مطابق کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی، جس کے دوران پولیس نے ایک گودام سے چوری شدہ موٹر سائیکلوں کے انجن اور دیگر پرزہ جات برآمد کیے۔پولیس کے مطابق یہ تمام اسپیئر پارٹس ایک مزدا ٹرک میں لوڈ کیے جا چکے تھے، جسے موقع پر ہی قبضے میں لے لیا گیا۔کارروائی کے دوران دو ملزمان زاہد اور عبدالبصیر کو گرفتار کرلیا گیا، جبکہ ارباز خان اور نورالحق موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں،جبکہ گرفتار ملزمان سے برآمد شدہ سامان اور دیگر وارداتوں کے حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔پولیس کو توقع ہے کہ اس کارروائی سے شہر میں موٹر سائیکل چوری کے ایک بڑے نیٹ ورک کا سراغ ملے گا۔