میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ تیز بارش کی صورت میں گھبرا کر ایک ساتھ دفاتر، دکانوں اور گھروں سے باہر نہ نکلیں، کیونکہ اس رویے سے سڑکوں پر شدید ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہوجاتی ہے۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ بارش کے باعث ممکنہ فلڈنگ سے نمٹنے کے لیے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ گجر نالہ، محمود آباد نالہ اور دیگر بڑے نالوں کی صفائی مکمل ہوچکی ہے جبکہ کے ایم سی کے زیر انتظام 43 بڑے نالوں پر بھی کام کیا گیا ہے۔مرتضیٰ وہاب کے مطابق شہر کے 14 انڈر پاسز میں پمپ نصب کردیے گئے ہیں تاکہ فوری نکاسی ممکن ہو سکے۔ اس کے علاوہ نشیبی علاقوں میں عملہ اور مشینری تعینات کر دی گئی ہے جبکہ واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی 120 گاڑیاں بھی نکاسی کے عمل میں شریک ہوں گی۔میئر کراچی نے بتایا کہ اہم مقامات پر ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں، جہاں شہریوں کے لیے پانی، بسکٹ اور دیگر ضروری سامان رکھا گیا ہے تاکہ بارش کے دوران اگر کوئی پھنس جائے تو عارضی طور پر سہولت حاصل کرسکے۔انہوں نے کہا کہ 19 اگست کی بارش میں شہریوں کے گھبرا کر دفاتر اور گھروں سے ایک ساتھ نکلنے کی وجہ سے شاہراہیں بند ہوگئی تھیں، اس بار شہریوں سے تعاون کی اپیل ہے تاکہ ٹریفک جام کی صورتحال پیدا نہ ہو۔مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ گزشتہ بارش میں چند گھنٹوں کے اندر ہی سڑکیں کلیئر کردی گئی تھیں اور اس بار بھی مکمل تیاری کی گئی ہے۔ “بارش ہمارے لیے چیلنج ضرور ہے لیکن ہمارا عملہ متحرک اور الرٹ ہے، نالوں کی کیپسٹی اور نکاسی کے مسائل کو حل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے میڈیا کے تعاون کی بھی ضرورت ہے۔”





