قائم مقام گورنر سندھ سید اویس قادر شاہ کو اجلاس کی صورتحال سے متعلق غلط فہمی ہوئی، ترجمان گورنر ہاؤس کا وضاحتی بیان سامنے آ گیا۔ ترجمان کے مطابق اجلاس میں شرکت کے لیے سیکریٹری داخلہ، آئی جی سندھ، ڈی آئی جیز ایسٹ، ویسٹ، ساؤتھ، سی ٹی ڈی اور اسپیشل برانچ کے افسران کانفرنس روم میں موجود تھے۔ قائم مقام گورنر کے لیے مخصوص دفتر پہلے سے تیار تھا۔ ترجمان نے واضح کیا کہ اگر مرکزی دفتر استعمال کرنے کی خواہش ظاہر کی جاتی تو بروقت اطلاع پر انتظام کر دیا جاتا۔ دوسری جانب گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پرنسپل سیکریٹری کو 24 گھنٹوں میں انکوائری مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ گورنر ہاؤس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ گورنر ہاؤس ہمیشہ عوام کے لیے کھلا ہے، اور اویس قادر شاہ بطور اسپیکر اور ذاتی حیثیت میں قابل احترام ہیں۔






