منگھوپیرمیں ٹینکر ڈرائیور کی جانب سے ٹریفک اہلکار کو اغواء کی کوشش،3 اہلکار زخمی

منگھوپیر کے علاقے ملک چانڈیو چوک کے قریب ایک سنسنی خیز واقعے میں ٹینکر ڈرائیور نے ناکے پر رکنے کے بجائے ٹریفک پولیس اہلکار کو اغواء کرنے کی کوشش کی، جس کے دوران پولیس پر حملہ کیا گیا اور 3 اہلکار زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق، ٹینکر ڈرائیور نے ٹریفک اہلکار تلک راج کو زبردستی اپنے ساتھ گاڑی میں بٹھا لیا اور فرار ہونے کی کوشش کی۔ شور شرابہ سن کر قریبی موجود پولیس موبائل نے ٹینکر کا تعاقب کیا اور اسے روکنے کی کوشش کی۔ اسی دوران ٹینکر ڈرائیور کے ہمراہ موجود مشتعل افراد نے پولیس پارٹی پر حملہ کر دیا، جس میں ڈنڈے، پتھراؤ اور مارپیٹ کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ زخمی اہلکاروں کی شناخت رزاق، یعقوب اور اویس کے ناموں سے ہوئی ہے، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق، جائے وقوعہ پر نفری موجود ہے، حالات قابو میں ہیں اور قانونی کارروائی جاری ہے