کراچی میں کار ساز روڈ پر افسوس ناک حادثے میں موٹرسائیکل سوار جاں بحق

کراچی میں کار ساز روڈ پر بل بورڈ کا کھمبا موٹر سائیکل سوار پر گر گیا، افسوس ناک حادثے میں موٹرسائیکل سوار جاں بحق ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق کار ساز شارع فیصل پر ایئر پورٹ جانے والے ٹریک پر بل بورڈ کا خستہ حال کھمبا موٹر سائیکل سوار خاندان پر گر گیا جس کے نتیجے میں شوہر جاں بحق، اہلیہ اور بیٹی زخمی ہوگئیں۔ ریسکیوحکام کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت 45 سالہ جمیل اور زخمیوں میں 40 سالہ فاطمہ اور 16 سالہ بیٹی انیسہ شامل ہیں، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔ متوفی ڈرگ روڈ کینٹ بازار کا رہائشی اور3 بچوں کا باپ تھا، جس میں دو بیٹیاں اورایک بیٹا ہے اوراپنی رہائش گاہ سے کسی رشتے دار کے گھر جا رہا تھا کہ یہ حادثہ پیش آیا۔ حادثے کے بعد شارع فیصل پر وقتی طور پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورت حال پر قابو پالیا۔