وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان کا سب سے بڑا ڈیجیٹل لرننگ پروگرام اس وقت سندھ میں کامیابی کے ساتھ جاری ہے اور تھرڈ پارٹی جائزے نے اس پروگرام کی شاندار کارکردگی کی تصدیق کی ہے۔ کراچی میں ایکسلیریٹڈ ڈیجیٹل لرننگ پروگرام (ADLP) کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ گیم بیسڈ لرننگ کے ذریعے اسکول کے اندر اور باہر موجود بچوں میں خواندگی اور عدد شناسی کی صلاحیتوں میں نمایاں بہتری ریکارڈ کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ آئین کے تحت حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ ہر بچے کو تعلیم کی فراہمی یقینی بنائے، اور سندھ حکومت اس ذمہ داری کو جدید تقاضوں کے مطابق پورا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ مراد علی شاہ کے مطابق اسکول سے باہر موجود ہر بچے کو ڈیجیٹل مائیکرو اسکول کے نظام کے تحت تعلیم کے دائرے میں لایا جا رہا ہے، تاکہ کسی بھی بچے کو معیاری تعلیم سے محروم نہ رہنا پڑے۔وزیراعلیٰ نے بتایا کہ سندھ میں ایکسلیریٹڈ ڈیجیٹل لرننگ پروگرام اگست 2023 میں باقاعدہ آغاز ہوا، جس کا مرکزی نعرہ ’’مل کر ترقی کی جانب بڑھیں، سندھ کو متحرک کریں‘‘ رکھا گیا ہے۔ اس پروگرام کا بنیادی مقصد دور دراز علاقوں میں معیاری تعلیم تک مساوی رسائی فراہم کرنا ہے تاکہ تعلیمی عدم مساوات کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔مراد علی شاہ کے مطابق ADLP میں شامل بچوں میں 53.49 فیصد لڑکیاں اور 46.51 فیصد لڑکے ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پروگرام نے صنفی شمولیت کو بھی یقینی بنایا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پروگرام نے اب تک اپنے تمام اہداف، سنگ میل اور مقررہ ٹائم لائنز مکمل کر لی ہیں، جو اس کی کامیابی کا واضح اظہار ہے۔






